بنگلورو،6؍جون (ایس او نیوز) ریاست میں مانسون کا آغاز ہوگیاہے اس کے ساتھ ہی بارش کے سبب تباہ کاریاں ہورہی ہیں ۔ راحت رسانی کا کام شروع کرنے کیلئے ضلعی افسروں کے پاس 172 کروڑ روپیوں کا گرانٹ مختص کیا گیا ہے ۔ اس رقم کو ضرورت کے مطابق استعمال کرنے کیلئے متعلقہ ڈسٹرکٹ کمشنروں کو ہدایت دے دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 3-4 دنوں سے ریاست کے مختلف مقامات پر زبردست بارش ہورہی ہے ۔ اس موقع پر درپیش تباہی پر قابو پانے کیلئے درکار مناسب اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ افسروں نے مقامات کاجائزہ لے کر حکومت کو رپورٹ بھی پیش کی ہے ۔ اس رپورٹ پر غور کرنے کے بعد راحت رسانی کے کام کیلئے مناسب اقدامات کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ کمشنروں کو ہدایت دی گئی ہے ۔ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر بی ایس ایڈی یورپا کے بارش کی تباہی والے علاقوں کا دورہ کرنے کی بات پر رد عمل پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے بتایا کہ ایڈی یورپا کو چاہئے کہ وہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے حکومت کو رپورٹ پیش کرے ۔ رپورٹ پر نظرثانی کرنے کیلئے حکومت اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے مناسب اقدامات کرے گی ۔